Thursday, March 19, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز میں کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ کے اقدامات کا نفاذ

پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز میں کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ کے اقدامات کا نفاذ

اسلام آباد (آئی پی ایس )چیئرمین سینیٹ،صدر بورڈ آف گورنرز پیپس کی ہدایات کی روشنی میں، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (PIPS) نے مالی نظم و ضبط، عملی کارکردگی میں بہتری اور عوامی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ یہ اقدامات سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹس کی جانب سے اختیار کردہ پالیسی کے مطابق ہیں۔نئے اقدامات کے تحت ادارے میں چار روزہ ورکنگ ویک (پیر تا جمعرات) نافذ کیا گیا ہے،

ہائبرڈ ورکنگ ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت 50 فیصد عملہ دفتر سے اور 50 فیصد گھر سے روٹیشنل بنیادوں پر کام کرے گا۔ گھر سے کام کرنے والے ملازمین ٹیلی فون، ای میل، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ہر وقت دستیاب ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر مختصر نوٹس پر دفتر طلب کیے جا سکیں گے تاکہ ادارہ جاتی امور بلا تعطل جاری رہیں۔توانائی کے تحفظ کے لیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں بجلی کے غیر ضروری استعمال کو کم کر کے 70 فیصد تک توانائی بچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،

اجلاسوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر سرگرمیوں کو حتی الامکان دن کی روشنی میں منعقد کیا جائے گا۔ بیرونِ ملک دوروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور بین الاقوامی اجلاس اب ورچوئل طریقے سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اخراجات میں نمایاں کمی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت 70 فیصد سرکاری گاڑیوں کو بند کر دیا گیا ہے۔مزید برآں، کفایت شعاری کے وسیع تر اقدامات کے تحت مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے لیے نان-ERE بجٹ میں 20 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ ایسے افسران جن کی ماہانہ تنخواہ 3 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہے

، وہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق دو دن کی تنخواہ یا مجموعی تنخواہ کا 5 فیصد تا 30 فیصد تک کٹوتی برداشت کریں گے۔ادارے نے تمام غیر ضروری خریداریوں کو فوری طور پر بند کر دیا ہے۔ سرکاری تقاریب جیسے عشائیے اور استقبالیہ منعقد نہیں کیے جائیں گے، سوائے غیر ملکی وفود کی آمد کے، اور وہ بھی سخت کفایت شعاری اصولوں کے مطابق ہوں گے۔ یہ تمام اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے۔صدر بورڈ آف گورنرز پیپس، سید یوسف رضا گیلانی کی رہنمائی میں، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز اپنے بنیادی فرائضپارلیمانی معاونت، استعداد کار میں اضافہ اور تحقیقکی انجام دہی کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر کفایت شعاری اور پائیداری کے اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔