ریاض: (آئی پی ایس) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آذربائیجان، سعودی، ترکیے اور مصری وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں، خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ ملاقاتیں عرب و اسلامی ممالک کے اجلاس کے موقع پر ہوئیں، علاقائی صورتحال اور امن پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آذری ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال پر گفتگو کی، رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس کے علاوہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ریاض میں ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فیدان سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے خطے میں بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا اور پاکستان و ترکیہ کے دوطرفہ شراکت داری کو مضبوط بنانے اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
