Wednesday, March 18, 2026
ہومتازہ تریناسلام آباد میں عیدالفطر پر فائیو جی سروس کی آزمائشی فراہمی کا امکان

اسلام آباد میں عیدالفطر پر فائیو جی سروس کی آزمائشی فراہمی کا امکان

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو عیدالفطر کے موقع پر فائیو جی سروس کا تحفہ ملنے کا امکان ہے جہاں ابتدائی طور پر چند علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے ٹیلی کام کمپنیوں کو فائیوجی لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کی تصدیق پی ٹی اے حکام نے کی ہے۔ حکام کے مطابق لائسنس کا باضابطہ اجرا کل متوقع ہے۔پی ٹی اے کے مطابق فائیو جی لائسنس کے اجرا سے متعلق تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو ایک ساتھ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر لائسنس بروقت جاری ہو گئے تو کمپنیاں عیدالفطر کے موقع پر محدود پیمانے پر فائیو جی سروس کا آغاز کر سکتی ہیں، جس سے صارفین کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئے گی۔فائیو جی اسپیکٹرم حاصل کرنے والی ہر کمپنی کو 15ملین ڈالر کی بینک گارنٹی جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ کمپنیوں نے اس شرط کو پورا کرنے کے لیے گارنٹیز جمع کرا دی ہیں۔لائسنس شرائط کے مطابق ہر کمپنی ایک ہزار نئی ٹیلی کام سائٹس قائم کرے گی، جن میں سے 200 سائٹس دور دراز اور کم کوریج والے علاقوں میں لگانا لازمی ہوگا۔
پی ٹی اے حال ہی میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کر چکا ہے، جس میں 597 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت کیا گیا۔ اس نیلامی سے حکومت کو تقریبا 510 ملین ڈالر کا ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔فائیو جی لائسنس کے اجرا کی تقریب میں اہم حکومتی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے جہاں اس اہم پیش رفت کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔