Wednesday, March 18, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کو عمان کے سلطان کا ٹیلی فون ، دونوں رہنمائوں کا دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم کو عمان کے سلطان کا ٹیلی فون ، دونوں رہنمائوں کا دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عمان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تعمیری بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا ہے ۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے بدھ کو ٹیلی فون کیا، دونوں رہنماوں نے گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک کے عوام اور امت مسلمہ کے لئے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
عمان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر عمان کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امن و استحکام اور تعمیری بات چیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سلسلے میں وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سلطان ہیثم بن طارق کی طرف سے باہمی طور پر مناسب تاریخ پر عمان کا دورہ کرنے کے لئے دی گئی دعوت کا بھی مثبت جواب دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔