اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ زیر تعمیر نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ اور تفصیلی معائنہ کیا۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے منصوبہ میں 9 منزلوں پر مشتمل عمارت کی تعمیر شامل ہے جسمیں سے 8 منزلوں کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی عمارت کے 9ویں منزل پر تعمیراتی کام رواں ماہ مکمل کرلیا جائیگا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو بتایا گیا کہ منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے عمارت کے فنشنگ اور تزئین و آرائش کا کام بھی تیزی کیساتھ سے جاری ہے۔ انہیں بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ اکیڈمی میں جدید ٹریننگ کی سہولیات میں شامل ریپلنگ ٹاور اور ابسٹکلز بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ریپلنگ ٹاور اور ٹریننگ ابسٹکلز کی تعمیر کو رواں ماہ ہی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ بجلی، پانی اور دیگر ٹریننگ کی سہولیات کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام بھی کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے شروع کئے گئے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
