Wednesday, March 18, 2026
ہوماسلام آبادسی ڈی اے کا اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر

سی ڈی اے کا اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ سی ڈی اے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان کپ 2026 کے میل اور فیمیل کیٹگریز کے فائنل میچز اور اختتامی تقریب نیشنل کرکٹ گراونڈ ایف سیون میں منعقد ہوئی۔تفصیلات کے مطابق، میل کیٹیگری میں فائنل میچ جی 10 جنون کرکٹ کلب نے جیت لیا جبکہ ایف 8 جیجے کرکٹ ٹیم رنرز اپ رہی۔ جبکہ خواتین ایونٹ کا ٹائٹل ایف 6 میورکس نے 6 وکٹوں سے جیتا جبکہ ایف 10 یونائیٹڈ کرکٹ ٹیم رنرز اپ رہی۔ میل کیٹیگری میں منیب مقبول پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے جبکہ فیمیل کیٹیگری میں فجر نوید پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا تھے۔ جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔میل کیٹیگری میں مجموعی طور پر 10 ٹیموں نے شرکت کی جسمیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ٹاپ آٹھ کلب شامل تھے۔ دو ٹیمیں چیئرمین سی ڈی اے الیون اور منسٹر الیون پورے پاکستان سے اوپن ٹرائلز کے ذریعے سی ڈی اے نے منتخب کی تھی جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں 6 ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی جو پورے پاکستان پر مشتمل ٹیلنٹڈ خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد منتخب کی گئیں۔میل کیٹگری میں بیسٹ بالر کا ایوارڈ اسامہ آفریدی کے نام آیا اور بہترین بلے باز کا ایوارڈ ذیشان فرید کے نام رہا جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ فہد سلیم نے اپنے نام کیا۔ اسی طرح خواتین کے ایونٹ میں بیٹرز میں ماہم انیس نے بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔ بالنگ کے شعبے میں نور العین بہترین بالر قرار پائیں جبکہ مہوش کو بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔مجموعی طور پر 2 ملین سے زائد کے کیش پرائزز کھلاڑیوں میں تقسیم کئے گئے۔ خواتین ٹیم کی فاتح ٹیم کو 6 لاکھ روپے اور رنرز اپ کو 3 لاکھ روپے انعام دیا گیا اور میل فاتح ٹیم کو 3 لاکھ اور رنرز اپ کو ڈیڑھ لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایات پر خواتین ایونٹ کی انعامی رقم 3 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سی ڈی اے نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ خواتین کیلئے کھیلوں کے مزید گرانڈز آباد کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ F-7 کی طرز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 مزید گرانڈز بنائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سہولیات کو مزید بہتر سے بہترین بنایا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کے سپورٹس اینڈ کلچر ونگ بشمول فیلڈ اسٹاف اور ایمپائرز مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کی ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر سنئیر صحافی حامد میر، طلعت حسین اور کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا شکر گزار جو یہاں موجود ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ سینئر حضرات ہمیشہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے بہترین رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی بدولت اپنی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کیلئے بہترین ٹیلنٹ ہنٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے نیٹ پریکٹس کا باقاعدہ سے آغاز کیا جارہا ہے۔اس موقع پر سنئیر صحافی حامد میر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سی ڈی اے نے خواتین کیلئے ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کثیر تعداد میں بچیوں کی کرکٹ میں دلچسپی پر 6 ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سنئیر صحافی حامد میر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا کامیاب اور دلچسپ ایونٹ دیکھنے کو ملا۔سنئیر صحافی حامد میر نے کہا کہ سی ڈی اے کی جانب سے بہت ہی منفرد اور صحتمندانہ سرگرمی کو پرموٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے اسطرح کے مزید کرکٹ گرانڈز بھی بنائینگے۔ سنئیر صحافی نے کہا کہ کرکٹ گرانڈز میں خصوصی طور پر بچیوں کیلئے نیٹ پریکٹس کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد کا سہرا چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے سر پر جاتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا باقاعدگی کیساتھ انعقاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو صحتمندانہ سرگرمیاں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔