Wednesday, March 18, 2026
ہومبریکنگ نیوزایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 5 سالہ نئی ’کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی‘ لانچ کر دی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 5 سالہ نئی ’کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی‘ لانچ کر دی

اسلام آباد(آئی پی ایس): ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے سال 2026 سے 2030 تک کی نئی پانچ سالہ کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق اس نئی حکمت عملی کا مقصد پاکستان کے ساختی مسائل کا حل، معاشی ترقی کو تیز کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق اس پانچ سالہ پلان میں تین بنیادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جن میں شمولیت، عوام کو بااختیار بنانا اور معاشی لچک و پائیداری شامل ہیں۔ نئی حکمت عملی میں نجی شعبے کی ترقی کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے جبکہ اچھی طرزِ حکمرانی، ڈیجیٹل تبدیلی اور صنفی برابری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بیرونی جھٹکوں کے بعد اپنی معیشت کو کسی حد تک مستحکم کیا ہے اور اہم ساختی اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئی اسٹریٹجی میں برآمدات اور سرمایہ کاری پر مبنی ترقی، عوامی مالیاتی نظام کی بہتری اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ معدنیات، ریلوے، توانائی اور ملٹی موڈل رابطہ کاری جیسے اہم شعبوں میں مواقع کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے شدید خطرات لاحق ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ یہ پلان ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان 1966 سے اے ڈی بی کا بانی رکن ہے اور اب تک بینک کی جانب سے پاکستان کو مجموعی طور پر 58.6 ارب ڈالر کی مالی معاونت اور قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔