اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کو تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کے روز قازقستان کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں ریفرنڈم کی کامیابی کو قازق عوام کے صدر توقایف کی قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی آئینی اصلاحات قازقستان میں حکمرانی، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
قازقستان میں منعقدہ ریفرنڈم میں 87.15 فیصد ووٹرز نے نئے آئین کے حق میں ووٹ دیا۔ نئے آئین کے تحت پارلیمانی ڈھانچے میں اصلاحات کی گئی ہیں جبکہ نائب صدر کے عہدے کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے، جسے 1996 میں ختم کردیا گیا تھا۔ صدر کو نائب صدر سمیت اہم سرکاری عہدیداروں کی تقرری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے گزشتہ ماہ صدر توقایف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ہونے والے فیصلوں پر پیش رفت جاری ہے اور مجوزہ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک جلد ملاقات کریں گے۔قازق صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو رواں سال قازقستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی صورتحال، خصوصا افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے مکالمے، تعاون اور روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے عید کے موقع پر قازقستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا قازقستان کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ، آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر مبارکباد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
