اسلام آباد(آئی پی ایس) پی آئی اے کی ملازمہ کی نوکری سے برطرفی کالعدم قرار دینے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پی آئی اے کی ملازمہ کی بحالی کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم صادر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے پی آئی اے کو ملازمہ کو تمام فوائد و واجبات کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ماتحت فورمز کے فیصلوں میں کوئی بے ضابطگی ثابت نہیں ہوئی، ایسی صورت میں ہائی کورٹ کی مداخلت کا جواز نہیں ہے۔
وکیل پی آئی اے کا کہنا تھا کہ صائمہ حفیظ سومرو کو 2017 میں نوکری سے غیر حاضر رہنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، انکوائری کے بعد ملازمہ کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔
وکیل ملازمہ نے کہا کہ ماتحت عدالت نے شواہد کو نظر انداز کرکے ملازمہ کی برطرفی کالعدم قرار دی، درخواست گزار اپنے والد کی علالت کے باعث رخصت پر تھیں،
وکیل ملازمہ نے کہا کہ درخواست گزار کے پاس مناسب چھٹیاں موجود تھیں تاہم ایچ آر نے چھٹیاں منظور نہیں کیں۔ ملازمہ کو شوکاز نوٹس قانونی مدت گزر جانے کے بعد جاری کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انکوائری کے دوران ملازمہ کو گواہوں کر جرح کا حق بھی نہیں دیا گیا، ملازمہ کے خلاف کی گئی تمام کارروائی غیر قانونی تھی۔
