اسلام آباد (سب نیوز)ملک میں 17سے 25مارچ کے دوران بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 17سے 25مارچ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ 17مارچ سے شمالی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز ہوگا، بالائی اور وسطی پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور گردونواح میں بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 17 سے 25 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 23 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
بیان کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا، تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، کراچی اور حیدرآباد میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ عوام کو بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام تازہ ترین موسمی صورتحال کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل سوشل میڈیا اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رجوع کریں۔
عید الفطر پر ملک کے مختلف علاقوں میںموسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
