اسلام آباد(سب نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے)نے معاہدے کے تحت عید الاونس نہ ملنے پر چیئرمین آفس سی ڈی اے کے سامنے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ سی بی اے یونین کے مطابق سی ڈی اے ملازمین کو 2006 سے معاہدے کے تحت ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پر عید الاونس ادا کیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمدیسین کا کہنا ہے کہ رواں سال بھی سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے اور باہمی معاہدے کے مطابق عید الاونس کی منظوری دی گئی تھی اور باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اس پر عمل درآمد روک دیا گیا جس کے باعث سی ڈی اے ملازمین میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔انھوں نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الانس تمام ملازمین کا جائز حق ہے اور یہ الانس سی ڈی اے مزدور یونین کے مطالبے پر 2006 میں سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے اور باہمی معاہدے کے تحت منظور کیا گیا تھا جو اب تک تمام ملازمین کو ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پر بلا تفریق ادا کیا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے عید الاونس کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنا اور پھر اس پر عمل درآمد روک دینا نہ صرف معاہدے بلکہ قانون کی بھی خلاف ورزی ہے اور اس سے ملازمین کی عید کی خوشیاں متاثر ہو رہی ہیں۔اس حوالے سے سی ڈی اے مزدور یونین نے مورخہ 17 مارچ بروز منگل صبح 10 بجے چیئرمین آفس سی ڈی اے کے سامنے احتجاج کی کال دی ہے جس میں مزدوریونین کے مرکزی عہدیداران، سی بی اے کمیٹیوں کے نمائندگان، ممبران اور بڑی تعداد میں سی ڈی اے ملازمین شرکت کریں گے۔
اس موقع پر انھوں نے وزیرِ اعظم پاکستان، وفاقی وزیرِ داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے سی ڈی اے ملازمین کو فوری طور پر عید الاونس ادا کیا جائے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں صنعتی امن برقرار رہے اور ہزاروں ملازمین کی عید کی خوشیاں متاثر نہ ہوں۔
سی ڈی اے ملازمین کا معاہدے کے تحت عید الاونس نہ ملنے پر احتجاج کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
