اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سینیویراتنے نے حال ہی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین نیاز احمد اختر سے ملاقات کی، جس میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے سری لنکن طلبہ کے لیے علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے 1000 اسکالرشپس دینے پر شکریہ ادا کیا۔
یہ پروگرام 2018 میں شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے سری لنکا کے نوجوانوں کو پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کیے ہیں۔ہائی کمشنر نے بتایا کہ ان میں سے تقریبا 700 اسکالرشپس سے سری لنکن طلبہ فائدہ اٹھا چکے ہیں، اور ان میں سے سینکڑوں طلبہ پاکستان کی مختلف جامعات سے طب، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں کامیابی کے ساتھ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس پروگرام کے مثبت اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تبادلے اور عوامی روابط کو فروغ ملا ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی درخواست کی کہ موجودہ اسکالرشپ پروگرام کو دوبارہ شروع یا توسیع دی جائے تاکہ مزید سری لنکن طلبہ پاکستان میں اعلی تعلیم کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
چیئرمین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں جاری تعاون کا خیر مقدم کیا اور پاکستانی جامعات میں زیر تعلیم سری لنکن طلبہ کی مضبوط تعلیمی کارکردگی اور نظم و ضبط کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اسکالرشپ پروگرام کی تجدید سے متعلق درخواست کا بھی نوٹس لیا اور یقین دہانی کرائی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ملاقات کے موقع پر ہائی کمشنر کے ہمراہ ہیڈ آف چانسلری اے کرسٹی روبن اور وزیر چاتھوریکا سنکاپالی موجود تھے، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈی عائشہ اکرام اور اسکالرشپ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانزیب خان بھی شریک تھے۔
