Sunday, March 15, 2026
ہومپاکستانسربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے علما ومشائخ کے 20رکنی وفد کی ملاقات

سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے علما ومشائخ کے 20رکنی وفد کی ملاقات

لاہور(آئی پی ایس )صدر مسلم لیگ (ق)اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ علما کرام اور مشائخ اپنی آواز کے ذریعے اتحاد، مذہبی ہم آہنگی، یگانگت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیں۔سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے علما ومشائخ کے 20 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

علما کرام نے کہا کہ دشمن کے کسی ایجنڈے اور سازش کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، عالم اسلام کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے، چودھری شجاعت حسین پاکستان کا اثاثہ ہیں ان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پر امن معاشرے کے قیام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما ومشائخ کا کلیدی کردار ہے، اسلام امن، محبت، اخوت، رواداری اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علما کرام اور مشائخ اپنی آواز کے ذریعے اتحاد، مذہبی ہم آہنگی، یگانگتت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیں، پاکستان کی افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کے دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں مل کر ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کر کے امن کا گہوارہ بنانا ہے، صفائی نصف ایمان ہے علما کرام اس حوالے سے لوگوں کو بھرپور آگاہی دیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔