جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل نے اپنے ذیلی اداروں اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے تعاون سے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے اعزاز میں ایک خصوصی افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں صحت، تعلیم، فلاح و بہبود، کاروبار اور عوامی زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء میں جی اے کے ہیلتھ کیئر کے چیئرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی، گروپ سی ای او یاسر خان نیازی، سٹی یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم، جی اے کے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خورشید احمد، ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اریج نیازی، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور دیگر ذیلی کالجز کے پرنسپلز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، معالجین، عملہ اور طلبہ شامل تھے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان سویٹ ہوم کے سی ای او زمرد خان تھے، جو ادارے کی انتظامیہ، عملے اور سینکڑوں بچوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔ بچوں کی موجودگی نے تقریب کو خوشگوار اور پرامید ماحول فراہم کیا۔
تقریب کا آغاز پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کی جانب سے تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ بعد ازاں بچوں نے تقاریر پیش کیں جبکہ پاکستان سویٹ ہوم کے سفر پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گروپ سی ای او یاسر خان نیازی نے زمرد خان کی خدمات اور پاکستان سویٹ ہوم کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جی اے کے ہیلتھ کیئر کا مقصد معیاری صحت اور تعلیم کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو جی اے کے ہیلتھ کیئر کے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے لیے وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ ان بچوں کے لیے طبی سہولیات، احتیاطی صحت اقدامات، آگاہی پروگرامز اور رہنمائی کے مواقع فراہم کرے گا۔
چیئرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی نے بھی زمرد خان اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم جیسے ادارے معاشرے کے لیے امید کی علامت ہیں۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور سماجی بہتری کے شعبوں میں پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
زمرد خان نے جی اے کے ہیلتھ کیئر کی قیادت اور ادارے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز 2009 میں چند بچوں سے ہوا تھا اور آج یہ ادارہ سینکڑوں بچوں کی تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے کام کر رہا ہے۔
مغرب کی اذان کے بعد بچوں اور مہمانوں نے ایک ساتھ روزہ افطار کیا۔
اس موقع پر جی اے کے ہیلتھ کیئر کے ہیڈ آف کمیونیکیشن عمران علی غوری نے کہا کہ گروپ سی ای او یاسر خان نیازی کی قیادت میں ادارہ سماجی ذمہ داری کو امپیکٹ انویسٹمنٹ کے نقطہ نظر سے بھی دیکھ رہا ہے۔ ان کے مطابق تعلیم، صحت اور انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری سے مضبوط معاشرے اور باصلاحیت پیشہ ور افراد سامنے آتے ہیں، جبکہ پاکستان سویٹ ہوم جیسے اداروں کی حمایت دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
افطار ڈنر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت نے باہمی تعاون اور سماجی ذمہ داری کے عزم کو اجاگر کیا۔
