تہران: (آئی پی ایس) ایران کے آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے اعلان کے بعد امریکا کے بی 2 بمبار طیارے ایران کی جانب روانہ ہوگئے ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ میں مزید امریکی فوج بھیجنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارگ جزیرے پر تیل تنصیبات محفوظ ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا کہ بی 2 بمبار طیارے روانہ کرنے کا مقصد طویل فاصلے سے حملہ کرکے نہ صرف ایرانی حکومت سے لاحق خطرے کو ختم کرنا ہے بلکہ مستقبل میں اس کی دوبارہ طاقت بحال کرنے کی صلاحیت کو بھی ختم کرنا ہے۔
خیال رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 1 ہزار 348 ایرانی شہید ہو چکے جبکہ 17 ہزار سے زائد زخمی ہیں، ایرانی حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 15 افراد ہلاک اور 2 ہزار 975 زخمی ہوئے جبکہ 15 امریکی ہلاک اور 140 زخمی ہوئے، لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 773ہو گئی ہے۔
حزب اللہ کا شمالی اسرائیل پر راکٹ اور توپ خانے سے حملے کا دعویٰ
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ آج صبح اس کے ارکان نے شمالی اسرائیل میں راکٹ اور توپ خانے سے اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، ان حملوں میں اسرائیلی شہر صفد کے قریب واقع عین زیطیم اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سرحدی قصبے بلیدہ کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر بمباری کی گئی ہے، یہ حملے لبنان کے علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں گئے ہیں۔
بغداد میں امریکی سفارتخانے پر میزائل حملہ
عراقی حکام نے بتایا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکی سفارت خانے پر میزائل حملہ ہوا ہے۔
عراقی حکام کے مطابق حملے کے بعد سفارت خانے کے احاطے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
امریکا دنیا سے روسی تیل کی بھیک مانگ رہا ہے: ایران
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نےکئی ماہ تک بھارت کو روس سے تیل نہ خریدنے پرمجبورکیا، یورپ کوخام خیالی تھی روس کے خلاف امریکی حمایت مل جائے گی۔
اب دو ہفتوں کی جنگ کے بعد امریکا دنیا سے روسی تیل خریدنے کی بھیک مانگ رہا ہے۔
امریکا کے پاس خلیج فارس کی کوئی واضح حکمت عملی نہیں: جرمن چانسلر
جرمن چانسلر ایران میں جنگ کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بول پڑے۔
جرمن چانسلر نےکہاکہ ایران جنگ نے جرمنی کی توانائی کی قیمتوں پر شدید اثر ڈالا، ٹرمپ کے پاس خلیج فارس میں جنگ ختم کرنے کی واضح حکمت عملی نہیں۔
یاد رہےکہ گزشتہ ہفتے جرمن چانسلر اور امریکی صدر ایران جنگ کے مقاصد سے متعلق ایک صحفے پر تھے۔
امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی رہنماؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایرانی فوج نے متحدہ عرب امارات اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی رہنماؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کی مشترکہ فوجی کمان کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فورسز نے 10 ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جو اسرائیلی رہنماؤں کے ہیں، ان حملوں میں متحدہ عرب امارات میں واقع الظفرہ بیس اور عراق میں اربیل کو بھی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانا گیا ہے۔
خارگ جزیرے پر تیل تنصیبات محفوظ ہیں: ایران
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی تیل کی شہ رگ خارگ جزیرے سے گھنے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جزیرے پر 15 سے زائد دھماکے سنے گئے، حملوں کے باوجود جزیرے پر ایرانی فوج کا مکمل کنٹرول ہے۔
جزیرے کے دفاعی نظام کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے، حملوں کے باوجود جزیرے کی تیل تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ ایرانی تیل اور توانائی انفرااسٹرکچر پر حملہ ناقابل قبول ہے، خطے میں موجود امریکی توانائی سے متعلق کمپنیوں کو نشانہ بنائیں گے۔
امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید 5 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، امریکی اخبار دی وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ہزاروں امریکی میرینز کو مشرقِ وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدام امریکی سینٹرل کمانڈ کی درخواست پر کیا جا رہا ہے، یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے اور بارودی سرنگیں بچھانے کے اقدامات کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیل اور امریکا کے 5 ڈرونز تباہ کر دیے
پاسداران انقلاب کے مطابق تبریز، اندیمشک، تہران، فیروز آباد، بندر عباس میں ڈرونز تباہ کیے، فضائی دفاعی کارروائیوں میں جدید ڈرونز اور بیٹر 4، ہرماس، ایم کیو 9 کو تباہ کیا گیا، جنگ کے آغاز سے اب تک 114 مختلف ڈرونز کو تباہ کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ حملے
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کے فوجیوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا، لبنانی فلسطینی سرحد پر واقع شہر کفركلا میں فاطمہ گیٹ کے مقام پر اسرائیلی فوج کے اجتماع کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ نے کہا کہ اس نے شہر خیام کے جنوبی محلے میں دشمن فوج کے اجتماع کو بھی راکٹ حملے کے ذریعے نشانہ بنایا، یہ حملے حالیہ کشیدگی کے دوران حزب اللہ کی جانب سے کیے جانے والے تازہ اقدام کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
کویت نیشنل گارڈ نے اہم مقامات کی جانب بڑھتا ڈرون مار گرایا
کویت نیشنل گارڈ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل جدان فاضل جدان نے بتایا کہ ایک ڈرون کو اس مقام پر گرا دیا گیا جہاں ٹاسک فورس کی ذمہ داری تھی، یہ کارروائی اہم مقامات کی حفاظت اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے کی گئی۔
متحدہ عرب امارات سے اسرائیلیوں کا انخلا مکمل
امارات سے 2 فلائٹس پر 600 اسرائیلیوں کو مفت تل ابیب پہنچایا گیا، اسرائیلی شہریوں کی با حفاظت واپسی پر اسرائیل نے عرب امارات سے اظہار تشکر کیا۔
صیہونی حکام نے کہا کہ مشکل وقت میں عرب امارات اسرائیل دوستی مضبوط ثابت ہوئی، جنگ اور امن دونوں میں امارات اسرائیل دوستی برقرار ہے۔
