اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید نہ بڑھانے کا فیصلہ کیاہے، عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلئے موجودہ نرخ برقرار رکھے جا رہے ہیں،دعا گو ہیں کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کوشش کر رہی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دبا کا شکار ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت صورتحال سے احسن انداز میں نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کیلئے اس کا آغاز اشرافیہ اور حکومتی اخراجات میں کمی سے کیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومتیں بھی وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ضروریات کیلئے خام تیل کی مناسب مقدار دستیاب ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر زائد قیمتوں کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں۔ دعا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔ خطے میں جنگی صورتحال کے باعث حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قمیت میں پچپن، پچپن روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔اس وقت پیٹرول کی قیمت تین سو اکیس روپے سترہ پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی تین سو پینتیس روپے چھیاسی پیسے فی لیٹر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
