اسلام آباد(سب نیوز)چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)محمد علی رندھاوا نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)اسلام آباد عرفان نواز میمن کے ہمراہ یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد شہر کے مختلف سکیورٹی چیک پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے یوم القدس کے حوالے سے جلوسوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں کو بھرپور مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سر انجام دینے کی ہدایات کی۔انسپکٹر جنرل (آئی جی)اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ موثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شاہ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور شہر بھر میں موثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں متعدد مقامات پر خصوصی ناکہ جات بھی قائم کئے گئے ہیں۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر بھر میں اسلام آباد پولیس کے چاک و چوبند دستوں کی مثر پٹرولنگ بھی جاری ہے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی)اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق شہر بھر کی سیکورٹی کو مستقل بنیادوں پر موثر بنانے کیلئے جامع اقدامات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات اور شہریوں کی جان و املاک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
