سازگار کاروباری ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکس حکام اور نجی شعبے کے درمیان تعاون ناگزیر ہے: سردار طاہر محمود
اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو محترمہ عائشہ فاروق اور ان کی ٹیم کے کاروباری برادری کے مسائل کو تعمیری انداز سے حل کرنے کے عزم کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیکس حکام اور نجی شعبے کے درمیان اس طرح کا تعاون اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور خطے میں سازگار کاروباری ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد میں چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سے ملاقات کے دوران اسلام آباد فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں فلور ملز انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر ثناء اللہ درانی، سابق سینئر نائب صدر چوہدری مختار، سابق ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر محمد عثمان سمیت فلور ملنگ سیکٹر کے دیگر نمائندے شامل تھے۔اس موقع پر کمشنر انکم ٹیکس نوید ترین، ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹر شکیل انور، اسسٹنٹ کمشنر محمد اسامہ عباسی اور رفاقت حسین وارثی آئی آر او بھی موجود تھے۔
سردار طاہر محمود نے خطے میں فلور ملز کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صنعت ملک میں آٹے کی مستقل فراہمی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ چیف کمشنر اور ان کی ٹیم نے وفد کے تحفظات کو تحمل سے سنا اور صنعت کے حقیقی مسائل کے حل میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مثبت نشست کاروباری برادری اور ٹیکس حکام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرے گی اور بالآخر معاشی ترقی اور استحکام میں معاون ثابت ہوگی۔
سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان ایک موثر پل کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنا فعال وکالت کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم کاروبار دوست پالیسیاں بنانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی کلید ہیں۔
اس موقع پر فلور ملز انڈسٹری کے پیٹرن انچیف اور چیئرمین فاؤنڈر گروپ آئی سی سی آئی شیخ طارق صادق، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبراثناء اللہ درانی، سابق ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر محمد عثمان، سابق سینئر نائب صدر چوہدری مختار اور وفد کے دیگر ارکان نے بھی چیف کمشنر اور ان کے ساتھیوں کے تعاون پر مبنی رویے کو سراہا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹیکس حکام کے ساتھ ہم آہنگی صنعت سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے اور فلور ملنگ سیکٹر کے لیے کاروباری آپریشنز کو آسان بنانے میں مدد دے گی۔
