اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال اور وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے پیش نظر اہم انتظامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت عالیہ اور اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ میں فوری طور پر کئی انتظامی تبدیلیاں نافذ کر دی گئی ہیں جن کا مقصد ایندھن کی بچت اور اخراجات میں کمی لانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عدالت میں چار روزہ ورکنگ ویک نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ پیر سے جمعرات تک کام کرے گی جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات ہوں گی۔ اس دوران ہنگامی نوعیت کے عدالتی اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے ضروری انتظامات برقرار رکھے جائیں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران عملہ کال یا واٹس ایپ پر دستیاب رہے گا اور مجاز اتھارٹی کی تحریری اجازت کے بغیر اسٹیشن نہیں چھوڑ سکے گا۔ مزید یہ کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تمام بینچ 50 فیصد استعداد کے ساتھ کام کریں گے۔ رجسٹرار اور آئی ٹی مینجمنٹ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہفتہ وار بنیاد پر روٹیشن کے تحت گھر سے کام کریں گے۔
اسی طرح اسلام آباد کی ضلعی عدالتیں بھی پیر سے جمعرات تک چار دن مکمل استعداد کے ساتھ کام کریں گی جبکہ ضلعی ججز جمعہ اور ہفتہ کو ہنگامی نوعیت کے فوجداری اور دیوانی مقدمات کی سماعت کے لیے ڈیوٹی ججز مقرر کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق درج ذیل نوعیت کے مقدمات کی سماعت جاری رکھی جائے گی،قبل از گرفتاری اور بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں،ہیبیس کارپس کی درخواستیں،حکم امتناعی یا اسٹے آرڈر سے متعلق فوری نوعیت کی درخواستیں،حقیقی ہنگامی نوعیت کے دیگر مقدمات مجاز اتھارٹی کی منظوری سے عدالت کی جانب سے مقرر کردہ دیگر مقدمات ،اس کے علاوہ عدالت نے آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی سرکاری گاڑیوں کو 50 فیصد ایندھن فراہم کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ کی گاڑیوں کے لیے ایندھن میں 25 فیصد کمی کی جائے گی۔مزید برآں سکیورٹی اور پروٹوکول کے حوالے سے بھی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز اور اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ کے افسران اسلام آباد کی حدود میں سکیورٹی گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جہاں ممکن ہو عدالتوں میں ٹیلی کانفرنسنگ اور ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کو ترجیح دی جائے گی اور وکلا کو بھی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔یہ تمام اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ محمد یار والانا کے دستخط موجود ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ اور ضلعی عدالتوں میں ایندھن بچت اور کفایت شعاری اقدامات نافذ، چار روزہ ورکنگ ویک کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
