اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)نے وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ایندھن کے اخراجات کم کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری گاڑیوں اور موٹر بائیکس کے لیے فیول کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق عوامی وسائل کے بہتر استعمال اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت سی ڈی اے کی تمام سرکاری گاڑیوں اور موٹر بائیکس کے لیے فیول الاونس میں کمی فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیول میں کمی کا یہ فیصلہ ابتدائی طور پر دو ماہ کے لیے ہوگا، جس کے دوران تمام افسران اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری گاڑیوں کا استعمال انتہائی ضرورت کے تحت کریں اور ایندھن کی بچت کو یقینی بنائیں۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ قومی وسائل کا موثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔سرکلر کے مطابق اس فیصلے سے متعلق ہدایات سی ڈی اے کے تمام ڈی جیز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ٹرانسپورٹ افسران کو بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
سی ڈی اے میں ایندھن کی بچت کیلئے بڑا اقدام، سرکاری گاڑیوں اور موٹر بائیکس کا فیول 50فیصد کم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
