اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے پاکستان میں تعینات سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لِنڈے نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے عالمی صورتحال اور اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران سویڈن کی سفیر نے ڈاکٹر مصدق ملک کو آرکٹک سرکل اسمبلی میں شرکت کی دعوت ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ عالمی برادری اس حقیقت سے آگاہ ہو رہی ہے کہ موسمیاتی مسائل سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کے متقاضی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ وہ ممالک جو گلیشیئرز کے پگھلنے سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں، جیسے آرکٹک خطے کے ممالک اور ہمالیائی سلسلے سے وابستہ ممالک بشمول پاکستان، ان کے درمیان قریبی تعاون نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعاون سے تحقیق اور مشترکہ پالیسی اقدامات کو فروغ دیا جا سکتا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز کے پگھلائو سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔سفیر نے موسمیاتی اقدامات کے حوالے سے سویڈن کے نقطہ نظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سویڈن موسمیاتی مسائل کو صرف ترقیاتی تناظر میں نہیں بلکہ نجی شعبے کی فعال شمولیت کے ساتھ بھی دیکھتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ سویڈن کا مالیاتی ادارہ اسکینڈینیوسکا اینسکیلڈا بینکن (ایس ای بی)جو پہلے ہی گرین قرضوں کے شعبے میں کام کر رہا ہے، پاکستان میں پانی، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے منصوبوں کے لیے ایک کثیرملکی فنڈ قائم کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مقامی کمپنیوں کوموسمیاتی نوعیت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے دوران درپیش خطرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔مجوزہ فنڈ کے تحت گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف)کے ساتھ بھی اشتراک عمل متوقع ہے تاکہ موسمیاتی فنانسنگ کو فروغ دیا جا سکے۔ اس سلسلے میں سفیر نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے بطور نیشنل ڈیزگنیٹڈ اتھارٹی معاونت اور رابطہ کاری کی درخواست بھی کی۔وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور تجویز دی کہ آئندہ ہفتے وزارت اور ایس ای بی کے نمائندگان کے درمیان ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ اس منصوبے اور ممکنہ تعاون کے پہلوئوں پر مزید غور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بالخصوص پانی، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں میں موسمیاتی سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر مصدق ملک سے سویڈن کی سفیر کی ملاقات، عالمی صورتحال اور اس کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
