تہران /تل ابیب (سب نیوز)جنگ کے نویں روز امریکی اور اسرائیلی کی جانب سے تہران کے نیلوفر اسکوائر پر حملے میں 20افراد شہید ہو گئے،امریکی اور اسرائیلی طیاروں نے سویلین آبادی پر بمباری کی، تہران میں آئل ریفائنر اور آئل ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا، ایرانی پاسداران انقلاب نے 24 گھنٹوں کے دوران 200 امریکی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعوی کیا ہے، اس کے علاوہ ایران نے اسرائیل پر بھی میزائل حملہ کیا ہے،پاسداران انقلاب نے کہا کہ 21امریکی بحرین میں نیول اڈے پر مارے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشرق وسطی میں جنگ دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئی ہے، اسرائیل اور امریکا کے حملوں میں شدت آ گئی ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، ایران نے 220 امریکی فوجی مارنے اور کئی قیدی بنانے کا دعوی کیا ہے جسے امریکی سنٹرل کمانڈ نے رد کر دیا۔اسرائیل کے لبنان اور ایران پر وحشیانہ حملے جاری ہیں، اصفہان کے 8 شہروں پر فضائی حملے کیے گئے، نجف آباد پر بھی بمباری کی گئی جس میں درجنوں افراد شہید ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے، لبنان میں اسرائیل نے رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا جس میں بچوں سمیت 20 شہری شہید ہو گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں فوجی اڈوں، میزائل لانچر اور پاسداران انقلاب کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایران نے اس امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی پر بم برسائے گئے، اسرائیل نے ایران کے 80 لڑاکا طیارے بھی تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ہلال احمر کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایران میں 5 ہزار 535 رہائشی یونٹس، ایک ہزار 41 کمرشل یونٹس، 14 میڈیکل سینٹرز، 65 سکولوں اور ہلال احمر کے 13 مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا ہے کہ کئی امریکی فوجیوں کو قیدی بنایا گیا ہے، امریکی حکام دعوی کرتے ہیں کہ امریکی فوجی کارروائی کے دوران مارے گئے ہیں، امریکی حکام حقیقت کو چھپانے کی بیکار کوشش کر رہے ہیں۔دوسری طرف امریکی سینٹرل کمانڈ نے امریکی فوجیوں کی گرفتاری کا ایرانی بیان مسترد کر دیا اور کہا کہ ایرانی رجیم کا امریکی فوجیوں کی گرفتاری کا بیان جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کا خواب جلد ہی ڈرانے خواب میں تبدیل ہو جائے گا، ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کھڑا ہے، ایران کسی کو اپنی زمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی ہمسایہ ملک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہوئی تو مجبورا جواب دینا پڑے گا، ہمسایہ ممالک پر جوابی کارروائیوں کا مطلب دشمنی نہیں بلکہ دفاعی ردعمل ہوگا،امریکا اور اسرائیل خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایران اپنے برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران ہر قسم کے حملے کا بھرپور جواب دے گا، ملک کے تمام سیاسی دھڑے اور عوام دشمن کے خلاف متحد ہیں، ایران کسی بھی دبا یا حملے کے سامنے جھکنے والا نہیں، ایران کی خودمختاری اور سرزمین کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
امریکا اور اسرائیل جنگ کے بعد ایرانی افزودہ یورینیم کے حصول کے لیے سپیشل فورسز بھیجنے پر غور کر رہے ہیں، آپریشن کا مقصد ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے پاس تقریبا 450 کلوگرام یا 60 فیصد افزودہ یورینیم موجود ہے، منصوبے کے تحت امریکی یا اسرائیلی کمانڈوز کو ایران میں زیر زمین محفوظ تنصیبات تک بھیجا جائے گا۔امریکا ایرانی یورینیم کو ایران سے باہر منتقل کرے گا یا غیر مثر بنا دے گا، آپریشن میں انٹرنیشنل جوہری توانائی ایجنسی کے ماہرین بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے سے اسرائیل بھر میں سائرن گونج اٹھے، اسرائیلی فوج کے مطابق دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے کی کوشش کر رہاہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ شہریوں کو شیلٹرز اور دیگر محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔اسرائیلی فوج نے ایران پر حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا، حکومتی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے منصوبے کو مقبولیت نہیں ملی، ایران اور خلیجی ملکوں کی سلامتی اور خود مختاری کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کو پھیلنے سے روکا جائے اور بڑے ممالک تعمیری کردار ادا کریں۔
اس کے ساتھ ہی چین نے ایران پر حملوں کی مخالفت کرتے ہوئے حملوں کو فوری روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ایران کی جانب سے بھی اسرائیل اور امریکا کے خلاف حملوں کی نئی لہر میں تباہ کن کارروائیاں کی گئی ہیں، ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یو ایس ففتھ فلیٹ کے 21 فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا، الظفرہ ایئربیس پر 200 امریکی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی خلیج فارس میں امریکی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، ایران نے تل ابیب میں سٹریٹجک اہداف پر بھی میزائل حملہ کیا جس سے عمارتیں لرز گئیں، جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے صوبہ ہرمزگان میں ایک اسرائیلی ڈرون بھی مار گرایا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی کشیدگی کیلئے تیار ہے، ایرانی صدر کی تنا میں کمی کی کوششیں ٹرمپ کی غلط فہمی سے متاثر ہوئیں۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے امریکا کو جنگ میں دھکیل دیا، یہ جنگ اسرائیل کو مقدم رکھنے والوں کی پسند کی جنگ ہے۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اسرائیلی شہر حیفہ میں واقع اسرائیلی بحریہ کے اڈے کو میزائلوں کی بوچھاڑ سے نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ کے مطابق تل ابیب کے جنوب مشرق میں واقع تل ہاشومر اڈے پر بھی ایک خصوصی میزائل سے حملہ کیا ہے، لبنانی گاں مرکبا کے سامنے واقع حنین گیٹ پر اسرائیلی فوج کی گاڑیوں کے ایک گروپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعوی کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کی فضائی حدود پر تقریبا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، ایرانی حکومت کے خاتمے کیلئے منظم منصوبہ موجود ہے، اسرائیل ایران کے خلاف جنگ پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھے گا۔نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے حملوں کا نشانہ بننے والے تمام ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں، نشانہ بننے والے ممالک ہم سے رابطے میں ہیں، پاسداران انقلاب کے جو اہلکار ہتھیار ڈال دیں گے انہیں نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے دبئی مرینا میں امریکی فوجی مقام کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے، اماراتی حکام کا کہنا ہے مرینا کے ایک ٹاور پر ڈرون کا ملبہ گرا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ٹاورکی بیرونی دیوار پر ملبہ گرنے سے معمولی نقصان ہوا۔دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی کے علاقے البرشا میں فضائی دفاعی کارروائی میں ملبہ گرنے سے گاڑی کو آگ لگ گئی، ملبے کی زد میں آکر ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوا۔
