خواتین نے کاروبار، تعلیم، صحت اور عوامی خدمات سمیت ہر شعبے میں قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
اسلام آباد: سردار طاہر محمود صدر اسلام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا پائیدار معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کی بنیاد ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے معاشرے کے مختلف شعبوں میں خواتین کی خدمات، عزم اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ عالمی یومِ خواتین ہمیں قومی ترقی میں خواتین کی گراں قدر خدمات اور صلاحیتوں کو تسلیم کرنے اور انہیں سراہنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین نے کاروبار، تعلیم، صحت اور عوامی خدمات سمیت ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں اور قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
سردار طاہر محمود نے کہا کہ کاروباری برادری خواتین کو معاشی اور کاروباری سرگرمیوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواتین کاروباریوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ معیشت کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط اور مستحکم معیشت کے قیام کے لیے خواتین کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔ کاروباری شعبے میں خواتین کے لیے سازگار اور معاون ماحول پیدا کرنے سے نہ صرف پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ جدت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کو مل کر ایسے اقدامات اٹھانےچاہئیں جن سے کاروبار کے میدان میں خواتین کو درپیش رکاوٹیں دور کی جا سکیں اور انہیں وسائل، تربیت اور مالی سہولیات تک مساوی رسائی حاصل ہو سکے۔
اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
