اسلام آباد (سب نیوز)سعودی عرب کے وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبد العزیز کو پاکستان کے وزیرِ داخلہ اور انسدادِ منشیات کے وزیر محسن رضا نقوی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔گفتگو کے دوران پاکستانی وزیرِ داخلہ نے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی جو مملکتِ سعودی عرب کو نشانہ بناتے ہوے کیے گئے تھے۔
انہوں نے اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان مملکت کے امن و استحکام کو درپیش کسی بھی خطرے کے مقابلے میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماوں نے خطے میں موجودہ صورتحال اور تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔دونوں وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوں کو آئندہ بھی وسعت دی جاتی رہے گی۔
