اسلام آباد(سب نیوز)عالمی یوم خواتین کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں قائم ویمن رمضان سہولت بازار میں ہفتہ کے روز خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی تقریب کا انعقاد سی ڈی اے، ایم سی آئی اور اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے کیا گیا۔اس تقریب کا مقصد خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے مواقع فراہم کرنے ہیں۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر انعقاد کی گئی اس خصوصی تقریب میں خواتین تاجرات و کاروباری شخصیات کے علاوہ صارفین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق ویمن رمضان سہولت بازار میں مکمل طور پر کیش لیس نظام کو نافذ العمل کیا گیا۔ اس خصوصی تقریب میں خواتین تاجرات کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ خواتین رمضان سہولت بازار میں خواتین کیلئے مخصوص مختلف سٹالز پر اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ ویمن چیمبر آف کامرس کے تعاون سے خصوصی طور پر عیدالفطر کی مناسبت سے خواتین کیلئے سیکٹر جی الیون میں رمضان سہولت بازار کا انعقاد کیا گیا ہے ،خواتین تاجر اور کاروباری شخصیات نے سی ڈی اے اور ایم سی سی آئی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسطرح کے مواقع خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویمن بازار میں خواتین کیلئے انتہائی مناسب قیمتوں پر اشیا کی فروخت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔سی ای او، ائیر اورگینکس شازیہ عمران نے کہا کہ ویمن بازار میں خصوصی طور پر اورگینگ، قدرتی، کیمیائی مادوں سے پاک، تازہ اور صحت بخش غذائی اجناس اور دیگر مصنوعات بھی دستیاب ہیں۔وائس پریزیڈنٹ اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رابعہ فرحان نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے تعاون سے انعقاد کیا گیا یہ خصوصی بازار اس عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہم خواتین کیلئے کسی تحفے سے کم نہیں اور اس بازار میں خواتین کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتہائی شکر گزار ہیں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے جنہوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اس خصوصی بازار کا انعقاد کیا۔صارفین نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ خواتین کی خود مختاری و ایمپاورمنٹ کیلئے سی ڈی اے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا باقاعدگی کیساتھ انعقاد کرتا رہے گا۔سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ دیگر رمضان سہولت بازاروں کی طرح ویمن رمضان بازار میں بھی پرائس کنٹرول کیلئے سخت مانیٹرنگ کا نظام واضع کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سیکٹر جی 11 میں قائم ویمن رمضان بازار خواتین صارفین اور تاجرات کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہے جہاں اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خواتین کیلئے اسطرح کے سہولت بازار کا قیام خواتین کی معاشی بہبود کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
