اسلام آباد(آئی پی ایس ) ہائیکورٹ نے موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ لگانے کے خلاف دائر درخواست پر اسلام آباد انتظامیہ سے 16 مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے اور 7 دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے متعلقہ افسر سے بھی معاملے میں معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی عدالت نے موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ کے خلاف درخواست پر سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا۔2 صفحات پر مشتمل حکم نامے میں عدالت نے ایم ٹیگ لگوانے سے فوری روک تھام کے لیے نوٹس بھی جاری کیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے مطابق موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ بغیر کسی قانونی بنیاد کے لگایا جا رہا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ لگانے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا جائے، اسلام آباد انتظامیہ سات دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے اور متعلقہ افسر عدالت کی معاونت کے لیے ضروری معلومات فراہم کرے۔
