اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف منصوبوں اور اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ متعلقہ افسران نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف بنیادی ہیلتھ مراکز میں جاری اپگریڈیشن اور تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر جی 13 اور گولڑہ میں واقع بنیادی صحت مراکز کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے تعمیراتی کام مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جھنگی سیداں کے علاقے میں بیسک ہیلتھ یونٹ کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے 80 فیصد کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ سرائے خربوزہ میں واقع بیسک ہیلتھ یونٹ کی تعمیر کے حوالے سے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔اجلاس میں پبلک پارکس میں جدید ای-لائبریریز کے قیام پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ای-لائبریریز کے قیام کیلئے اسلام آباد میں 7 مختلف مقامات پر کام جاری ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جدید ترین ڈیجیٹل لائبریریاں شہریوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے سی ڈی اے کے اہم منصوبوں میں شامل ہیں۔
اجلاس میں نیشنل پولیس ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے کی جانب سے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے 4 ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز قائم کئے جارہے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز کے قیام کیلئے I-9، I-14، G-11 اور ہمک انڈسٹریل ایریا میں اراضی مختص کر دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز کے قیام کیلئے پی سی-ون تیار کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔اجلاس میں جڑواں شہروں میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے قائم ٹاسک فورس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں شاہدرہ اور دوتارہ ڈیموں منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کی فلاح و بہبود اور بہتر جسے بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتہائی پر عزم ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
