اسلام آباد(سب نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ایرن پر امریکی جارحیت اور آیت اللہ خامنائی کی شہادت کے خلاف ملک بھر کی طر ح جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے مختلف اضلاع راولپنڈی،اٹک، مری، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، گجرات، منڈی بہاوالدین،سر گودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے راولپنڈی اور سیکرٹری جنرل اقبال خان نے اٹک میں احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی اور شر کا سے خطاب کیا۔
اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی اور دیگر ضلعی عہدے داران نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔شر کا سے خطاب کر تے ہو ئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ایران پر امریکہ اور اسرائیل کا حملہ کھلی جارحیت اور عالمی دہشتگردی ہے، آیت اللہ علی خامنائی کی شہادت عالم اسلام کیلئے بڑا نقصان ہے،ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران میں رجیم چینج اور اعلی ایرانی قیادت کو ٹارگٹ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ عالمی دہشتگردی کا سرغنہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دیا جانا چاہیے،امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر جنگ مسلط کی ہے اور سیاسی قیادت کونشانہ بنایا ہے جو تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، ٹرمپ نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں، انھوں نے کہاا گر امریکہ و اسرائیل ایران میں رجیم چینج میں کامیاب ہوگیا تو وہ پاکستان کی سرزمین میں داخل ہو جائیں گے،عالم اسلام کو اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا یہ پیغام ہے کہ اگر مسلم حکمران متحد نہ ہوئے تو ایک کے بعددوسرے کی باری آئے گی اور یہ سلسلہ رکے گا نہیں
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ٹرمپ کو دو بار نوبل پرائز کا نام دینے کی سفارش کرنے والے حکمران قوم سے معافی مانگیں،انھوں نے ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملے اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کو بدترین عالمی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ یہ حملہ صرف ایران پر نہیں بلکہ پاکستان،عالمِ اسلام اور پوری انسانیت پر حملہ ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل اقبال خان نے اٹک میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے کہا پاکستان دوست ممالک سمیت غزہ امن بورڈ سے نکل آئے، پاکستان کے حکمران ہر وقت ٹرمپ کی خوشنودی کے خواہش مند رہنے کی بجائے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کریں، انہوں نے کراچی میں امریکی قونصل خانہ کے سامنے مظاہرین پر گولیاں برسانے اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی شہادتوں کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، انھوں نے کہا امریکہ و اسرائیل کے ناپاک منصوبوں کو ایران میں شکست سے دوچار کرنا بے حد ضروری ہے، خدانخواستہ اگر ایسا نہ ہوا تو صہیونی تسلط پاکستان کی سرحد تک پہنچ جائے گا اور خدانخواستہ اسرائیل کا اگلا ہدف پاکستان ہوگا۔
