Saturday, March 7, 2026
ہومآزاد کشمیرپاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” قوم کے دل کی آواز ہیں، سید منظور احمد شاہ

پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” قوم کے دل کی آواز ہیں، سید منظور احمد شاہ

مظفرآباد ( )سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ نے کہا ہے کہ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” جیسے نعرے کسی رسمی یا وقتی جذبات کا اظہار نہیں بلکہ پوری قوم کے دل کی آواز اور اجتماعی شعور کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم اور اس کی بہادر افواج ایک صفحے پر ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ملک کو کمزور نہیں کر سکتی۔ قومی یکجہتی ہی دراصل پاکستان کی اصل طاقت اور دفاعی حصار ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر نازک اور کٹھن مرحلے پر مادرِ وطن کے دفاع کو یقینی بنایا۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور بیرونی جارحیت کے خلاف جاری طویل جنگ میں پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے لازوال قربانیاں دے کر یہ ثابت کیا کہ وطن کا دفاع ان کے ایمان کا حصہ ہے۔

شہداء کا لہو اس دھرتی کی حفاظت کی ضمانت ہے اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، باہمی احترام اور اداروں پر اعتماد ناگزیر ہے۔ دشمن ہمیشہ یہ کوشش کرتا ہے کہ قوم اور افواج کے درمیان فاصلے پیدا کیے جائیں، مگر پاکستانی عوام اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیاسی، سماجی اور نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کی بدولت آج پاکستان ایک مضبوط دفاعی حصار رکھتا ہے۔ عالمی سطح پر بھی پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا جاتا ہے اور امن کے قیام کے لیے اس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی مقروض ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔آخر میں سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ دراصل ایک عہد ہے کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں گے، جبکہ “پاک فوج زندہ باد” کا مطلب ان بہادر سپاہیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار ہے جو دن رات سرحدوں پر ہماری حفاظت کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی کو فروغ دیں، افواجِ پاکستان کا حوصلہ بلند رکھیں اور ہر سطح پر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔