اسلام آباد (سب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے ملکی معیشت میں اہم ستون کا درجہ رکھتے ہیں ، وزیر اعظم نے ایگری کلچر روڈ میپ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مشاورت کا عمل مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزرات قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر اجلاس کے دوران وزیراعظم کی چین سے زرعی تحقیق کے حوالے سے تربیت حاصل کرنے والے اسکالرز سے پاکستانی زرعی شعبے میں ریفارمز کے حوالیسے مشاورت اور ان سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو پرائم منسٹر اسٹریٹیجک روڈ میپ برائے زراعت اور غذائی تحفظ پر بریفنگ دی گئی، تمام وفاقی اکائیوں میں نیشنل فوڈ اینڈ ایگریکلچر سیکیورٹی کونسل تشکیل دی جا رہی ہے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر اسٹریٹیجک روڈ میپ کے 5 ستون ہیں ، اس روڈ میپ کا مقصد مستحکم اور مسابقتی زرعی اور غذائی نظام کا حصول ہے ۔
بریفنگ میںبتایا گیا کہ اس روڈ میپ کے تحت غذائی تحفظ کے اقدامات اٹھائے جائیں گے ، نجی شعبے کو زرعی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے فعال کیا جائے گا، واٹر گورننس اور موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے والی فصلوں کو ترجیحا عام کیا جائے گا اور اس حوالے سے تحقیق کو مربوط کیا جائے گا ۔ پاکستان کے عوام کی غذائیت کو بہتر بنانے کے اقدامات اٹھائے جائیں گے ،روڈ میپ کے تحت ڈیش بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے جو اجناس کی سٹوریج اور تحفظ اور میکانائزیشن کو بہتر بنانے اور نگرانی کا کام کرے گا، زرعی نظام کی ریگولیشن کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، کاشتکاروں کو سر ما ئے تک رسائی دینے کے حوالے سے فارم اور نان -فارم کریڈٹ کا نظام لایا جا رہا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فصلوں کی غذائی استعداد بڑھانے اور بائیو فورٹیفائیڈ فوڈ کے حوالے سے کام کیا جائے گا، ملک کی دس پسماندہ ضلعوں میں زراعت کے فروغ کے لئے ٹارگٹڈ پیکیج دئے جائیں گے ، ایگری گریجویٹس -یوٹیلائیزشن اسکیم کا اجرا کیا جائے گا جس کے تحت زرعی تحقیق کو فروغ ملے گا ۔
زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبے ملکی معیشت میں اہم ستون کا درجہ رکھتے ہیں،وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
