Thursday, March 5, 2026
ہومپاکستانپاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو سٹاک میں تعاون کو ترجیح دینے پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو سٹاک میں تعاون کو ترجیح دینے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے اعلی سطحی اجلاس ہوا، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ترک وفد نے ملاقات کی، لائیو سٹاک سیکٹر کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان لائیو سٹاک سیکٹر کو جدید اور برآمدات کے قابل بنانے کے لیے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، لائیو اسٹاک کی پیداوار، گوشت کی پراسیسنگ اور ویلیو چین کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایس پی ایس معیارات اور ریگولیٹری نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ترکیہ کے تعاون سے پاکستان میں لائیو اسٹاک کے جدید نظام اور ٹریس ایبلٹی کو فروغ دیا جائے گا، بیماریوں کے موثر کنٹرول اور ویکسینیشن کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پاکستان میں بیماری سے پاک پائلٹ ریجن کے قیام سے لائیو اسٹاک برآمدات کو فروغ ملے گا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ جدید اور بین الاقوامی معیار کے سلاٹر ہاوسز کے قیام سے گوشت کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے،ترک ماہرین پاکستان کے مختلف لائیو اسٹاک مراکز اور سلاٹر ہاوسز کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستان لائیو اسٹاک سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تکنیکی تعاون سے لائیو اسٹاک کی پیداوار اور معیار بہتر ہوگا،ترک وفد دوروں کے بعد لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری کے لیے سفارشات پیش کرے گا، حکومت لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید اور برآمدات پر مبنی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔