Thursday, March 5, 2026
ہومپاکستاناسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر، الیکشن کمیشن نے وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر، الیکشن کمیشن نے وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمشن نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی، چیف کمشنر اسلام آباد علی رندھاوا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
سیکرٹری داخلہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے، جس پر الیکشن کمیشن نے ان کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس جاری کر دیا۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ سیکرٹری داخلہ کہاں ہیں؟ اگر سیکرٹری نہیں آرہے تو وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہیں، آئندہ سب سماعت پر وفاقی وزیر داخلہ خود آئیں گے، آئی سی ٹی حکام آپ جائیں اور کہیں کہ ہمیں الیکشن کمیشن میں سنا نہیں گیا۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو لیٹر بھیجا تھا لیکن وہ تعاون نہیں کر رہے، ہم نے وزارت داخلہ کو لیٹر بھیجا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو توہین کمیشن کا نوٹس جاری کریں۔
حکام الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ڈی مارکیشن نوٹیفکیشن اور اسلام آباد کی میپ، ممبر یونین کونسل کی تعداد چاہیے تاکہ ہم حلقہ بندیاں شروع کر سکیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئی سی ٹی انتظامیہ اس کو ہلکا لے رہی ہے، یہ انتخابات براہ راست آئی سی ٹی کی ذمہ داری ہے، تین وفاقی وزیر کمیشن میں آئے اور ہمیں یقین دہانی کر کے گئے تھے، ہمیں سخت کارروائی کرنے پر مجبور نہ کریں، آپ ہمیں ٹائم لائن دیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ منگل کو چیف کمشنر اسلام آباد معاملے پر پیش رفت دیں گے، سماعت اگلی منگل تک ملتوی کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔