Wednesday, March 4, 2026
ہومپاکستانتکریمِ قرآن کا نیا عالمی باب، پاکستان میں پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ ری سائیکلنگ پلانٹ کی تیاری مکمل، سردار محمد یوسف کی جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت

تکریمِ قرآن کا نیا عالمی باب، پاکستان میں پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ ری سائیکلنگ پلانٹ کی تیاری مکمل، سردار محمد یوسف کی جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں قائم ملک کے پہلے قرآن ری سائیکلنگ پلانٹ کا دورہ کیا اور اسے جلد از جلد فعال بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد ضعیف اور شہید اوراقِ مقدسہ کو شرعی اصولوں کے مطابق محفوظ بنانا اور انہیں دوبارہ قابلِ استعمال بنانا ہے۔

قرآن ری سائیکلنگ پلانٹ کے دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں شہید اوراق اور ضعیف نسخوں کی حفاظت کے لیے جگہ کی کمی تھی جس کی وجہ سے بے حرمتی کا خدشہ رہتا تھا۔ اس پلانٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ پلانٹ لگانے سے قبل جید علما کرام سے باقاعدہ فتوی حاصل کیا گیا ہے تاکہ ری سائیکلنگ کا پورا عمل شرعی تقاضوں کے عین مطابق ہو۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان بھر سے مقدس اوراق اور نسخے یہاں لائے جائیں گے جہاں انہیں جدید سائنسی طریقے سے ری سائیکل کر کے ان کی سیاہی اور کاغذ کو محفوظ بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان کا پہلا بڑا منصوبہ ہے جو سرکاری سطح پر وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ انتظام مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد فعال ہو جائے گا۔وزارت مذہبی امور کے شعبہ تحقیق و مراجع کے ڈائریکٹر جنرل حافظ عبدالقدوس نے منصوبے کی تکنیکی اور انتظامی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ کے لیے صوبائی اوقاف ڈیپارٹمنٹس، قرآن بورڈز اور اسلامی نظریاتی کونسل سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل مشاورت کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پلانٹ کے لیے جدید ترین مشینری چائنہ سے منگوائی گئی ہے، جسے شریعت کی روشنی میں وضع کردہ قواعد و ضوابط اور آداب کو ملحوظِ خاطر رکھ کر چلایا جائے گا۔

پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے اہم اسلامی ممالک کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے، وفاقی دارالحکومت میں ملک کے پہلے بڑے قرآن ری سائیکلنگ پلانٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کو ان چیدہ ممالک کی فہرست میں شامل کر دے گا جہاں جدید ٹیکنالوجی کو مقدس اوراق کی حرمت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ حج کمپلیکس اسلام آباد میں قائم اس پلانٹ میں کاغذ مخصوص مراحل سے گزار کر دوبارہ قابلِ استعمال بن جائے گا ۔ یہ پراجیکٹ عالمی سطح پر تسلیم شدہزیرو ویسٹ ماڈل پر مبنی ہے ، بیرون ملک سے درآمد شدہ اس مشینری کو شرعی تقاضوں کے مطابق کسٹمائز کیا گیا ہے تاکہ ری سائیکلنگ کے دوران ادب و احترام برقرار رہے۔دیگر اسلامی ممالک کی طرح یہاں بھی سیاہی کو علیحدہ کرنے کا جدید سسٹم لگایا گیا ہے، جو اسے گندے پانی میں شامل ہونے سے روکتا ہے۔یہ پلانٹ روزانہ ایک ٹن مقدس اوراق کو دوبارہ کارآمد پلپ میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا۔پاکستان کا یہ اقدام ثابت کرتا ہے کہ عقیدت جب جدید سائنس کے ساتھ ہم آہنگ ہوتی ہے، تو وہ دنیا کے سامنے ایک ‘رول ماڈل’ بن کرابھرتی ہے۔ یہ پلانٹ اب پاکستان میں تکریمِ قرآن کا نیا استعارہ ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔