اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روزانہ کی بنیاد پر بدلتی ہوئی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے کیونکہ پاکستان ایندھن کے بڑے حصے کی ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے عوام کے لیے توانائی کی فراہمی کے سلسلے کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ملک کی حمایت پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع سعودی بندرگاہ ینبع کے ذریعے سپلائی کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے جو توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
علی پرویز ملک نے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب پہلے ہی پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کے لیے ایک جہاز کو پاکستان سے ینبع روانہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ینبع بندرگاہ سے تیل کی سپلائی کو پاکستان کے لیے ترجیح دی جائے گی۔سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ بدلتی ہوئی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب کسی بھی ہنگامی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادر ممالک ہیں اور آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
وفاقی وزیرِ پٹرولیم سے سعودی سفیر کی ملاقات، پاکستان کو ینبع بندرگاہ سے تیل سپلائی کی سکیورٹی کی یقین دہانی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
