کولمبو: سری لنکا کے ساحل کے قریب ایک ایرانی بحری جہاز ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہے جس کے عملے کو بچانے کی کوشش جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایرانی جہاز آئرس ڈینا (IRIS Dena) کے ڈوبنے کی اطلاع پر اس کے عملے کو ریسکیو کرنے کے لیے سری لنکن بحریہ کو روانہ کیا گیا ہے۔
سری لنکن وزیر خارجہ کے مطابق اب تک جہاز سے 30 زخمی سیلرز کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ جہاز پر کل 180 افراد سوار ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور عملے کے دیگر ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک سری لنکن اپوزیشن رہنما نے سوال پوچھا کہ آیا جہاز کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری حملوں کے حصے کے طور پر نشانہ بنایا گیا تھا؟ تاہم حکومت نے اس سلسلے میں اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔
