Tuesday, March 3, 2026
ہومپاکستانآپریشن غضب للحق ،اب تک 464افغان طالبان اہلکار ہلاک، 665سے زائد زخمی

آپریشن غضب للحق ،اب تک 464افغان طالبان اہلکار ہلاک، 665سے زائد زخمی

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کارروائی کے دوران افغان طالبان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، اب تک 464افغان طالبان اہلکار ہلاک اور 665 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔افغانستان سے دہشت گردی اور بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے آپریشن غضب للحق کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

منگل کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کے خلاف کی جانے والی جوابی کارروائیوں کے اعداد و شمارجاری کیے ہیں۔عطا تارڑ کے مطابق آپریشن کے دوران افغان طالبان کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، اب تک آپریشن میں ہلاک ہونے والے افغان طالبان اہلکاروں کی تعداد 464 ہوگئی ہے جب کہ افغان طالبان کے 665 سے زائد اہلکار زخمی ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی 188 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں اور پاکستان سیکیورٹی فورسز نے 31 افغان پوسٹوں پر قبضہ حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک افغان طالبان رجیم کے 192ٹینکس، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ بھی اس آپریشن میں تباہ کی گئی ہیں جب کہ افغانستان میں 56 مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔دوسری جانب آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے افواج پاکستان کی زمینی اور فضائی موثر کارروائیاں جاری ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج نے افغان صوبے ننگرہار میں کامیاب فضائی کارروائی میں خوگانی بیس تباہ کردیا جب کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کو بلا اشتعال جارحیت کے بعد ہر محاذ پر بھرپور پسپائی کا سامنا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا جب کہ جلال آباد میں فضائی کارروائی میں ایمونیشن ڈیپو اور ڈرونز اسٹوریج کو تباہ کردیا گیا۔افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں پاک افواج کی موثر اور تباہ کن جوابی حملوں میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کوبھاری نقصان کا سامنا ہے، سیکیورٹی فورسز افغان طالبان رجیم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پر عزم ہیں۔دوسری جانب افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف افواج پاکستان کی زمینی اور فضائی موثر کارروائیاں جاری ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دواور تین مارچ کی درمیانی شب افغان طالبان اورفتنہ الخوارج نے ٹھل سیکٹرمیں دراندازی کی کوشش کی، پاک فوج نے حملہ ناکام بناتے ہوئے پکتیکا میں افغان طالبان کی پوسٹ پر قبضہ کرکے پاکستانی پرچم لہرادیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی بھرپور اور موثر جوابی کارروائی سے متعدد خارجی بھی جہنم واصل ہوئے، پاک فوج نے افغان طالبان کی مزید 3 پوسٹوں کوبھی تباہ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بلا اشتعال افغان جارحیت کا پوری طاقت سے منہ توڑجواب دے رہی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔