Tuesday, March 3, 2026
ہومتازہ ترینالیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان روک لیا

الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان روک لیا

اسلام آباد:(آئی پی ایس) الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان روک لیا۔
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا انتخابی نشان انٹرا پارٹی الیکشنز نہ کرانے اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر روکا گیا ہے۔

کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی، تاہم آئی پی پی کی جانب سے کوئی بھی نمائندہ الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔

دورانِ سماعت ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود شیروانی نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی پی پی اپنے آئین اور الیکشنز ایکٹ پر عمل نہیں کر رہی۔ پارٹی آئین کے تحت ہر 4 سال بعد آئی پی پی کے انٹرا پارٹی الیکشنز ہونا لازم ہیں جبکہ آئی پی پی کے انٹرا پارٹی الیکشنز جنوری 2026 میں ہونے تھے جو نہیں ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئی پی پی سالانہ فنڈز اور اخراجات کی تفصیلات بھی جمع نہیں کرا رہی ، اس لیے استحکام پاکستان پارٹی کا نشان روک رکھا ہے۔ انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کو ڈی لسٹ کرنے کی سفارش بھی کی۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا آئی پی پی کو نوٹس دیا گیا تھا جس پر ڈی جی پولیٹکل فنانس نے بتایا کہ نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔