Monday, March 2, 2026
ہومبریکنگ نیوزحزب اللہ کے انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ حسین مقلد کو شہید کردیا، اسرائیل کا دعوی

حزب اللہ کے انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ حسین مقلد کو شہید کردیا، اسرائیل کا دعوی

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ شب بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ ہلاک ہو گئے، جبکہ لبنان کی حکومت نے تنظیم کی عسکری سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے اور اس سے ہتھیار واپس لینے کا اعلان کردیا ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق بیروت میں رات گئے ہونے والے حملے میں حسین مقلد مارے گئے، جنہیں فوج نے حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر کا سربراہ قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وہ مختلف ذرائع سے معلومات جمع کرکے اسرائیلی فوج اور ریاستِ اسرائیل سے متعلق انٹیلی جنس تجزیے تیار کرتے تھے اور تنظیم کی اعلی قیادت کے ساتھ مل کر اسرائیل اور اس کے شہریوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی میں شریک تھے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ نے ہفتے کے روز ایران پر مشترکہ اسرائیلی امریکی کارروائی کے بعد راکٹوں اور ڈرونز سے حملے کیے تھے، جس کے ردعمل میں لبنان کے مختلف علاقوں بشمول دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں کی لہر دیکھی گئی۔

دوسری جانب لبنانی وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس کے بعد بیان میں کہا کہ لبنان اپنی سرزمین سے کسی بھی ایسی عسکری کارروائی کو مسترد کرتا ہے جو ریاستی اداروں کے دائرہ اختیار سے باہر ہو۔انہوں نے واضح کیاکہ جنگ اور امن کا فیصلہ صرف ریاست کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس فیصلے کے تحت حزب اللہ کی تمام سیکیورٹی اور عسکری سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے گی اور تنظیم کو اپنے ہتھیار لبنانی ریاست کے حوالے کرنے ہوں گے۔انہوں نے فوج اور سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے لبنانی سرزمین سے کسی بھی راکٹ یا ڈرون حملے کو روکیں۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور انتہائی حساس قرار دی جا رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔