Monday, March 2, 2026
ہومکامرسرمضان ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے: سردار طاہر محمود

رمضان ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے: سردار طاہر محمود

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمدردی، سخاوت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے ان عظیم اقدار کے حقیقی عکاس ہیں۔


پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ یتیم بچوں کی تعلیم، صحت اور کردار سازی میں دل کھول کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور مناسب رہنمائی اور مواقع کے ساتھ وہ ڈاکٹر، انجینئر، بیوروکریٹس اور کاروباری شخصیات بن کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔


سردار طاہر محمود نے زمرد خان (ہلال امتیاز ) فاؤنڈر و سی ای او کو ان کی وژنری قیادت اور پاکستان سویٹ ہوم کو مؤثر طریقے سے چلانے اور اسے ایشیا کے سب سے بڑے یتیموں کی دیکھ بھال کے نیٹ ورک میں تبدیل کرنے میں انتھک کوششوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم ہزاروں بچوں کو پناہ گاہ، معیاری تعلیم اور پرورش کا ماحول فراہم کر رہا ہے۔ ادارے کے سینکڑوں طلباء نے معروف یونیورسٹیوں بشمول نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، قائداعظم یونیورسٹی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے علاوہ مختلف میڈیکل کالجوں میں داخلہ حاصل کیا ہے جو قابل ذکر کامیابیاں ہیں ۔


سردار طاہر محمود نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگراموں کے تحت ایسے فلاحی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا اور مستحق بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے مخیرانہ کوششوں کو تقویت دینے کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔