Sunday, March 1, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کا اردن کے فرمانروا سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کا اردن کے فرمانروا سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سب نیوز)مشرقِ وسطی میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور حالیہ کشیدگی کے تناظر میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم کے ترجمان برائے غیرملکی میڈیا مشرف زیدی نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ یہ گفتگو یکم مارچ 2026 کو ہوئی۔ ٹوئٹ کے مطابق دونوں رہنماوں نے اسرائیلی حملے کے بعد ایران اور پھر اردن سمیت دیگر علاقائی ممالک میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔وزیرِ اعظم نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحمل، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیرِ اعظم نے اس مشکل وقت میں اردن کی مملکت اور دیگر برادر علاقائی ممالک کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔مشرف زیدی کے مطابق دونوں رہنماوں نے علاقائی پیش رفت پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔