Sunday, March 1, 2026
ہومپاکستانوزیر اعلی سندھ کی امریکی قونصل خانہ واقعے پر غیر جانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت، جے آئی ٹی تشکیل

وزیر اعلی سندھ کی امریکی قونصل خانہ واقعے پر غیر جانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت، جے آئی ٹی تشکیل

کراچی(آئی پی ایس )وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے امریکی قونصل خانہ واقعے پرغیر جانب دارانہ تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ امریکی قونصل خانے پر افسوس ناک واقعے میں انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔حکومت سندھ نے کہا ہے کہ مظاہرین نے امریکن قونصل خانے کے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی، واقعے کے تمام پہلووں کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینے کے لیے اعلی سطح جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس بات کا تعین کرے گی کہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اسباب کیا تھے۔

وزیر اعلی سندھ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ایران اور تمام سوگواروں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔وزیر اعلی نے کہا ملک جنگی صورت حال سے دوچار ہے، ایسے میں امن و امان کو سبوتاژ کرنا مناسب نہیں ہے۔ وزیر اعلی نے علامہ شہنشاہ نقوی، علامہ شبیر میثمی و دیگر سے رابطہ کر کے کہا کہ علما کرام سے درخواست ہے کہ عوام کے جذبات کو ہر صورت قابو رکھا جائے۔علامہ شہنشاہ نقوی و دیگر نے وزیر اعلی سندھ سے نمائش پر مجلس منعقد کرنے سے متعلق گفتگو کی، مراد علی شاہ نے انتظامیہ اور پولیس کو مجلس کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلی سندھ نے امریکی قونصل خانہ واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ انھوں نے انتظامیہ اور پولیس کو امن و امان ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔