Sunday, March 1, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس،امریکا اور اسرائیلی اقدامات پر اظہار تشویش

وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس،امریکا اور اسرائیلی اقدامات پر اظہار تشویش

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اہم اجلاس میں افغانستان اور ایران سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔اتوار کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِصدارت علاقائی اور ملکی سیکیورٹی صورت حال پر جائزے کے لیے اعلی سطح اجلاس وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ہوا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا، اعلی عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھرمیں امن وامان کی صورت حال اور پاکستان کی مغربی سرحد پرافغان طالبان کی جانب سے جاری جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی کا جائزہ لیا گیا۔شرکا نے پاک افواج اورفضائیہ کی جانب سے فتنہ الخوارج کی سرکوبی کے لیے مثر اور جامع کارروائیوں کی تعریف کی جب کہ شرکا نے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور وقار کی ہر قیمت پر حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران خارجہ پالیسی اورقومی سلامتی کے حوالے سے مشاورت کی گئی جب کہ اجلاس میں افغانستان کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو ملک کی داخلی صورت حال اور سیکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ آذربائیجان کے ذریعے پاکستانی شہریوں کے ایران سے انخلا کوممکن بنایا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا دو روزہ دورہ روس موخر کر دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔