Sunday, March 1, 2026
ہومپاکستانچوہدری شفقت محمود کی نگرانی میں سبزی و فروٹ منڈیوں کا سخت معائنہ

چوہدری شفقت محمود کی نگرانی میں سبزی و فروٹ منڈیوں کا سخت معائنہ

فتح جنگ(سب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے مشن، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات پر دبنگ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور عوام دوست افسر چوہدری شفقت محمود نے فتح جنگ سے ملحقہ قصبہ گلی جاگیر میں بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔ چوہدری شفقت محمود نے پورا دن علاقے کی تمام سبزی و فروٹ منڈیوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کا سختی سے جائزہ لیا۔


دورانِ چیکنگ متعدد دکانداروں کی جانب سے ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے کے انکشاف پر فوری کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے خفیہ خریداری کے ذریعے نرخ چیک کروائے اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر قانون کے مطابق جرمانے نافذ کیے۔
مزید برآں گوشت اور چکن کی دکانوں کی بھی سخت جانچ پڑتال کی گئی۔ جن دکانوں پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پائی گئی، خصوصاً جالی والا کپڑا نہ ہونے اور مکھیوں کی موجودگی پر دکانداروں کو سخت وارننگ اور جرمانے کیے گئے۔ اس موقع پر غیر معیاری اور گلی سڑی سبزیاں اور فروٹ فوری طور پر تلف کرا دیے گئے تاکہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہو۔
چوہدری شفقت محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک میں عوام بالخصوص غریب صارفین سے کسی قسم کی زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول اور حفظانِ صحت کے حوالے سے چیکنگ کا یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور رمضان کے بعد بھی تسلسل کے ساتھ کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ قیمتوں پر مستقل کنٹرول اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔