لاہور (آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی کمرشل ڈیل مکمل ہو گئی ہے، جس کے تحت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 4 سالہ میڈیا رائٹس 26 ارب روپے میں ولی ٹیکنالوجیز کو فروخت کر دیے گئے ہیں۔میڈیا رائٹس کے لیے 3 بڈرز مقابلے میں تھے، جن میں ولی ٹیکنالوجیز نے ریزرو پرائس سے 3 ارب روپے زیادہ کی بولی لگا کر کامیابی حاصل کی۔
ممکنہ طور پر میچز سرکاری ٹی وی پر نشر کیے جائیں گے، جبکہ 2 بڑے اسپورٹس چینلز مقابلے سے باہر ہو گئے۔ انہیں واجبات کی ادائیگی کے لیے وقت دیا گیا لیکن ناکامی کے باعث انہیں ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔گزشتہ سال پی ایس ایل کے 34 میچز کھیلے گئے تھے، تاہم اب 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد میچز کی تعداد 44 تک پہنچ جائے گی۔
قوانین کے مطابق پروڈکشن اخراجات نکالنے کے بعد سالانہ 3 ارب روپے سے بڑی براڈ کاسٹ ڈیل میں اضافی رقم میں سے 5 لاکھ ڈالر آئیکون غیر ملکی کھلاڑیوں کے معاہدوں کے لیے رکھے جائیں گے، جبکہ باقی رقم میں 80 فیصد حصہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور 20 فیصد فرنچائزز کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔
