اسلام آباد: افغان طالبان رجیم کے خلاف پاک افواج کی فیصلہ کن کارروائی کے بعد بھارت اور افغانستان کی پروپیگنڈا مشینیں متحرک ہو گئی ہیں۔
پاکستان کی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے واضح کیا ہے کہ افغان وزارتِ دفاع کی جانب سے من گھڑت دعویٰ کیا گیا کہ ننگرہار میں پاکستانی لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا اور پائلٹ کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ وزارت نے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام، عالمی میڈیا اور دفاعی اداروں کی طرف سے کسی طیارے کے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
وزارت کے مطابق، افغان حکام کے بے بنیاد دعوے بھارتی میڈیا اور افغان پروپیگنڈا ذرائع نے بڑے پیمانے پر پھیلائے، اور افغانستان کی جانب سے جاری کی گئی تصویر دراصل 2021 میں ترکی میں روسی جہاز کے حادثے کی ہے۔ زمینی حقائق نہ ہونے کی وجہ سے یہ دعوے محض فریب اور ہزیمت کے زمرے میں آتے ہیں۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم پاکستان مخالف جھوٹی خبریں پھیلا کر اپنی عبرتناک شکست پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ماہرین نے افغان طالبان رجیم کے سرکاری ترجمان اور آفیشل اکاؤنٹس سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کر کے اسے بعد میں حذف کرنا بھی شرمناک عمل قرار دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف منظم منفی پروپیگنڈا مہم بھارتی اور افغانی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کی پہچان بن چکی ہے۔
