اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی اور پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاس اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی اور اس دوران وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کیا، جس کی خصوصیت گہرا باہمی اعتماد، فولاد کی طرح مضبوط دوستی اور مشترکہ مفادات پر باہمی تعاون کا مشترکہ عزم ہے۔
وزیر اعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ، چینی قیادت اور عوام کو نئے چینی سال کے پرمسرت موقع پر اپنی پرتپاک مبارک باد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔انہوں نے اقتصادی، سلامتی اور ترقیاتی محاذوں پر پاکستان کے لیے چین کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کی تعریف کی اور خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹو کا ایک اہم منصوبہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کا ذکر کیا۔ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور معدنیات میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان میں چینی اہلکاروں، سرمایہ کاری اور اداروں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم پر بھی زور دیا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو چین اور پاکستان کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور چینی قیادت کا نیک خواہشات کا پیغام دیا۔انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوش حالی میں کردار ادا کرنے کے لیے قریبی رابطہ کاری اور مشاورت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات، پاکستان کی خودمختاری کی بھرپور حمایت کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
