Friday, February 27, 2026
ہوماسلام آبادسی ڈی اے نے عوامی سہولت کے پلاٹس کی غیر قانونی تبدیلی پرآغوش سوسائٹی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا

سی ڈی اے نے عوامی سہولت کے پلاٹس کی غیر قانونی تبدیلی پرآغوش سوسائٹی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)نے اکاونٹس گروپ آفیسرز کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی (آغوش ون )اسلام آباد کو عوامی سہولیات کے پلاٹوں کو رہائشی اور تجارتی استعمال کے پلاٹس میں غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ۔

سی ڈی اے کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اکاونٹس گروپ آفیسرز کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی (آغوش )ون کے منظور شدہ لے آوٹ پلان میں پارکس، اسکولوں، کھلی جگہوں، قبرستان، اور عوامی عمارتوں سمیت عوامی سہولیات کے لیے نامزد متعدد پلاٹس کو غیر قانونی طور پر رہائشی اور تجارتی استعمال کے پلاٹس میں تبدیل کیا گیا ہے ۔اتھارٹی کے مطابق 2007 میں منظور کیا گیا لے آوٹ پلان شرائط و ضوابط پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے 2017میں منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے باوجود سوسائٹی نے منصوبہ بندی کے ضوابط اور عدالتی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پرعوامی سہولت والی پلاٹس کو تبدیل کر کے خریداروں کو فروخت کر دیا۔سی ڈی اے نے سوسائٹی کو 30 دن کے اندر منظور شدہ لے آوٹ پلان کو بحال کرنے اورجرمانے کی مد میں 77اعشاریہ 312ملین روپے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ۔

سی ڈی اے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ نوٹس کی تعمیل میں ناکامی کے نتیجے میں غیر قانونی ڈھانچے کو مسمار کیا جا سکتا ہے، ریکوری کی کارروائی، منظوریوں کی معطلی، دفاتر کو سیل کیا جا سکتا ہے اور کیس کو تفتیشی ایجنسیوں کو بھجوایا جا سکتا ہے۔نوٹس میں سوسائٹی کو سات دنوں کے اندرجواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔