اسلام آباد(سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پِنہیرو دا سلوا نے پارلیمنٹ ہاوس میں الوداعی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرتگال کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران گزارا گیا عرصہ ان کی زندگی کا ایک یادگار اور نمایاں ترین دور رہا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو نہایت مہمان نواز، باصلاحیت اور باوقار قرار دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پرتگال کے سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے پرتگال کے سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی پاکستان اور پرتگال کے مابین قریبی تعاون کے تسلسل کی امید ظاہر کی۔
