Friday, February 27, 2026
ہومتازہ ترینآپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ: صدر زرداری کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ: صدر زرداری کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: (آئی پی ایس) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ پر پوری قوم اپنی مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

صدر زرداری نے 27 فروری 2019 کو ہونے والی بلااشتعال جارحیت کے منہ توڑ جواب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں مشرق سے آنے والے دشمن کے دانت کھٹے کیے گئے، اسی عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کل مغربی سرحد پر بھی کیا گیا۔

صدر نے واضح کیا کہ مشرق ہو یا مغرب، پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کا جواب ایک جیسا، فوری اور بھرپور ہوگا۔ انہوں نے افغانستان کی غیر نمائندہ حکومت اور پاکستان میں غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم شرپسند عناصر کے سرپرستوں کو پیغام دیا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور وقار کے دفاع میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگا۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج ہر وقت پوری طرح چوکس، تیار اور ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر امن کمزوری نہیں بلکہ طاقت کے متوازن اور ذمہ دارانہ استعمال سے قائم رہتا ہے۔

انہوں نے قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور ہر قسم کی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔