جدہ (آئی پی ایس) سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستانی کمیونٹی نے ایک عظیم الشان سحری اجتماع میں شرکت کی، جس کی خاص وجہ وفاقی وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی کی آمد اور ان کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر تعزیتی نشست تھی۔ یہ تقریب چیئرمین مسلم لیگ ن چوہدری اکرم گجر کی جانب سے دی گئی دعوت پر منعقد ہوئی، جو بعد ازاں ایک بڑے اجتماعی پروگرام میں تبدیل ہوگئی۔
اس موقع پر قونصلر جنرل جدہ سید مصطفی ربانی، پاکستان انویسٹرز فورم اور پاکستان قومی یکجہتی فورم کے عہدیداران کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اکرم گجر نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آج کی سحری کی خاص وجہ وفاقی وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی کی آمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قونصلر جنرل صاحب اور پوری کمیونٹی کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اس تعزیتی نشست میں شرکت کرکے رونق بخشی اور دکھ کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔
قونصلر جنرل جدہ سید مصطفی ربانی نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک میں اس طرح کے اجتماعی سحری پروگرام کو سراہا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قونصلیٹ کی نئی عمارت جلد ہی کھول دی جائے گی، جس سے کمیونٹی کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد و اتفاق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا آپس میں متحد رہنا ملک کی ترقی کے لیے خوش آئند ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مملکت چوہدری ارمغان سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے تمام کمیونٹی اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، “میں تمام اوورسیز پاکستانیوں اور اپنے چاہنے والوں کا مشکور ہوں جو اس مشکل گھڑی میں میرے ساتھ کھڑے ہیں۔” انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔ سعودی حکومت پاکستانی تاجروں اور عوام کو جو روزگار کے مواقع اور تحفظ فراہم کر رہی ہے، اس پر ہم ولی عہد محمد بن سلمان اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔”
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ سعودی قوانین کا احترام کریں اور ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے اور یہ پاکستانی بیرون ملک ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔”
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، صدر پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے چوہدری ارمغان سبحانی کی والدہ مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات میں سابقہ مشیر برائے وزیر اعلی پنجاب و چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری اظہر عباس وڑائچ، پریس قونصل عرفان چوہدری، کنوینئر پاکستان قومی یکجہتی فورم سردار وقاص عنایت، صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری تصور حسین، صدر رابطہ کمیٹی راجہ محمد ریاض، صدر مسلم کانفرنس سردار اشفاق خان، جنرل سیکرٹری پاکستان انویسٹرز فورم کے جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک، سینئر نائب صدر پاکستان انویسٹرز فورم فضل میمن، نائب صدر غلام مصطفی گجر، نائب صدر پیپلز پارٹی ملک جاوید، چوہدری ظہیر احمد، علی خورشید ملک، راجہ شمروز، میاں رضوان الحق، احسان الٰہی گجر، چوہدری خورشید متیال، سردار نصر اقبال، ریاض شاہین آفریدی، چیئرمین کشمیر جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی انجینئر عارف مغل، عمر مسعود پوری اور دیگر شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر چوہدری ارمغان سبحانی کی والدہ ماجدہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے اجتماعی دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس کے علاوہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
